چین میں سمندری طوفان ڈولفن سے تباہی، 10 لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

سمندری طوفان ڈولفن کے مشرقی چین سے ٹکرانے کے بعد 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا، جبکہ شنگھائی میں 1400 پروازیں منسوخ اور شدید بارشوں و سیلاب کا الرٹ جاری ہے
بیجنگ: سمندری طوفان ڈولفن کے مشرقی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد چینی حکام نے 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے، جبکہ طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
چینی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے صوبہ ژے جیانگ کے شہر یوہوان سے ساحل سے ٹکرایا۔ اس وقت طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔
تقریباً ایک گھنٹے بعد سمندری طوفان نے شہر وینژو کے قریب دوسری مرتبہ ساحل سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سامنا کرنا پڑا۔
شنگھائی میں 1400 پروازیں منسوخ
طوفان کے باعث مشرقی چین میں فضائی اور زمینی آمدورفت کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ صرف شنگھائی میں تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
چینی حکام نے طوفان ڈولفن کے پیش نظر پہلے اعلیٰ ترین سطح کا ریڈ الرٹ جاری کیا تھا، تاہم پیر کی صبح اس کی شدت کم ہونے کے بعد الرٹ کی سطح بھی کم کردی گئی۔
شدید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اب چین کے وسطی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم بدھ تک موسلا دھار بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔
شان ڈونگ، ہینان، ہوبے، آنہوئی، جیانگ سو اور ژے جیانگ سمیت متعدد صوبوں اور شنگھائی میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ژے جیانگ کے بعض علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
صوبہ ژے جیانگ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر انخلا کیا گیا ہے۔ وینژو کے حکام کے مطابق تقریباً 9 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔
شہر تائی ژو میں بھی تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار افراد کو گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
دارالحکومت ہانگژو میں حکام نے شدید ہواؤں اور سیلابی پانی سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کا رخ کرنے والے ڈرائیوروں کی سہولت کے لیے تمام سرکاری پارکنگ مقامات پر فیس معاف کردی ہے۔
سیاحتی مقامات بند
مقامی حکومتوں نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ طوفان کے پیش نظر متعدد اہم سیاحتی مقامات بھی بند کردیئے گئے ہیں۔
ان مقامات میں ڈزنی لینڈ اور لیگولینڈ کے بعض حصے جبکہ شنگھائی کے معروف علاقے ’دی بنڈ‘ کے ساتھ واقع کئی مشاہداتی پلیٹ فارم بھی شامل ہیں۔
سمندری طوفان ڈولفن اس سے قبل جاپان کے جزیرے اوکیناوا سے بھی ٹکرا چکا ہے، جہاں اس نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا تھا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 10 اگست، 2026 کو 05:43 AM
آخری تدوین: 10 اگست، 2026



