ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں ختم کرنا بھی آپشن ہے: جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں ختم کرنا بھی ٹرمپ کے آپشنز میں شامل ہے۔ امریکا ایران جنگ کو طویل تنازع نہیں بننے دے گا
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیاں ختم کرنے کا اعلان بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیرِ غور ممکنہ آپشنز میں شامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایران تنازع کو طویل اور کبھی ختم نہ ہونے والی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دے گا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ کو دس یا پندرہ سال تو دور کی بات، دو سال تک بھی جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق تنازع کے خاتمے کے لیے ایک حتمی معاہدے تک پہنچنا اور اس مقصد کے لیے ضروری اقدامات کا تعین کرنا اہم ہے۔
اسرائیل کا نام لیے بغیر جے ڈی وینس نے کہا کہ بعض فریق بظاہر چاہتے ہیں کہ ایران کے خلاف جنگ غیر معینہ مدت تک جاری رہے، تاہم امریکا ایسا نہیں چاہتا اور ایران کے ساتھ تنازع کو کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ نہیں بننے دیا جائے گا۔
امریکی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران کے حوالے سے متعدد آپشنز موجود ہیں، جن میں فوجی کارروائیاں ختم کرنے، فوجی دباؤ بڑھانے اور سفارتی دباؤ میں اضافے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ فی الحال مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں اور ایران کے ساتھ تنازع کے مستقبل کا فیصلہ انہی ممکنہ راستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
جے ڈی وینس کے اس بیان کو ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے، ممکنہ سفارتی پیش رفت اور امریکی حکمت عملی کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
شائع ہوا: 17 نومبر، 2026 کو 05:31 AM
آخری تدوین: 17 نومبر، 2026



