وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

ٹرمپ انتظامیہ کا گرین کارڈ پروگرام پر نئی پابندیوں کا منصوبہ، غیر ملکی کارکن متاثر ہوں گے

W
Web Desk
17 نومبر، 2026
ٹرمپ انتظامیہ کا گرین کارڈ پروگرام پر نئی پابندیوں کا منصوبہ، غیر ملکی کارکن متاثر ہوں گے

ٹرمپ انتظامیہ نے PERM گرین کارڈ پروگرام مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کردی۔ نئی پابندیوں سے غیر ملکی ہنرمند کارکنوں، نرسوں، سائنس دانوں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے امریکی گرین کارڈ کا حصول مشکل ہوسکتا ہے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے قانونی امیگریشن کو محدود کرنے کی پالیسی کے تحت گرین کارڈ پروگرام میں مزید سختیاں متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے۔ امریکی محکمہ محنت نے ملازمت کی بنیاد پر مستقل رہائش فراہم کرنے والے پروگرام پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کردی ہے، جس سے غیر ملکی ہنرمند کارکنوں کے لیے امریکا میں گرین کارڈ حاصل کرنا مزید مشکل ہوسکتا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ محنت نے پیر کے روز پرمننٹ لیبر سرٹیفکیشن پروگرام (PERM) میں تبدیلیوں کی تجویز پیش کی۔ اس پروگرام کے تحت امریکی کمپنیاں اعلیٰ مہارت کے حامل غیر ملکی کارکنوں کو ملازمت کی بنیاد پر مستقل رہائش یعنی گرین کارڈ کے حصول کے لیے اسپانسر کرتی ہیں۔

امریکا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اور آؤٹ سورسنگ کے شعبے سے وابستہ ادارے اس پروگرام سے فائدہ اٹھاتے ہیں، جس کے ذریعے عارضی ورک ویزے پر کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین مستقل امریکی رہائش حاصل کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔

موجودہ قواعد کے مطابق کسی غیر ملکی کارکن کو ملازمت دینے سے پہلے کمپنیوں کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ متعلقہ اسامی کے لیے امریکا میں مناسب اہلیت رکھنے والے اور دستیاب کارکن موجود نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ آجروں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوتا ہے کہ غیر ملکی ملازم کی بھرتی سے اسی نوعیت کا کام کرنے والے امریکی شہریوں کی تنخواہوں اور ملازمت کے حالات متاثر نہ ہوں۔

خبر ایجنسی کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کے تحت آجروں کے لیے یہ ثابت کرنا مزید مشکل ہوجائے گا کہ غیر ملکی کارکن کی بھرتی سے امریکی ملازمین کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ نئی شرائط ان شعبوں پر بھی لاگو کرنے کی تجویز ہے جنہیں پہلے ماہر کارکنوں کی کمی کے باعث استثنیٰ حاصل تھا۔ ان شعبوں میں نرسیں اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل سائنس دان بھی شامل ہیں۔

یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قانونی امیگریشن کے نظام کو محدود کرنے کی تازہ ترین کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی وسیع تر پالیسی کا مقصد امریکا میں غیر ملکی کارکنوں کی تعداد کم کرنا اور مستقل رہائش و امریکی شہریت کے حصول کے راستوں کو مزید محدود کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں امریکی حکومت نے متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو PERM پروگرام استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔ ان کمپنیوں میں سافٹ ویئر کمپنی ایڈوب، آئی ٹی آؤٹ سورسنگ کے بڑے ادارے اور مائیکروسافٹ بھی شامل ہیں۔ امریکی محکمہ محنت کے اعداد و شمار کے مطابق مائیکروسافٹ اس پروگرام کے تحت مستقل ملازمت سے متعلق درخواستیں جمع کرانے والی بڑی کمپنیوں میں سرفہرست ہے۔

امریکی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد ملازمتوں کی فراہمی میں امریکی شہریوں کے حقوق اور مفادات کا بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے۔

مجوزہ قواعد کے تحت گرین کارڈ کے لیے غیر ملکی ملازمین کی سرپرستی کرنے والی کمپنیوں اور آجروں کو متعلقہ اسامیوں پر امریکی شہریوں کی بھرتی کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔ اس سلسلے میں اخبارات میں اشتہارات شائع کرنے کے روایتی طریقوں کے بجائے الیکٹرانک ذرائع اور جدید بھرتی کے طریقوں کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد اعلیٰ مہارت اور زیادہ تنخواہوں والی ملازمتوں کے مواقع میں غیر ملکی کارکنوں کے مقابلے میں امریکی شہریوں کو ترجیح دینا ہے۔

اگر یہ مجوزہ تبدیلیاں نافذ ہوجاتی ہیں تو ٹیکنالوجی، صحت اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین اور انہیں اسپانسر کرنے والی کمپنیوں کو گرین کارڈ کے حصول کے عمل میں اضافی شرائط اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 17 نومبر، 2026 کو 06:37 AM

آخری تدوین: 17 نومبر، 2026

متعلقہ مضامین