جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم قرار، آزاد کشمیر حکومت کا بڑا اقدام


آزاد کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت کالعدم قرار دے دیا۔ نوٹیفکیشن جاری، امن و امان کو خطرہ قرار دیتے ہوئے تنظیم کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت کالعدم قرار دیتے ہوئے تنظیم کا نام فرسٹ شیڈول میں شامل کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے تنظیم کو "پروسکرائبڈ آرگنائزیشن" قرار دینے کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ تنظیم کے خلاف امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے معقول شواہد موجود ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ریاست میں انتشار پیدا کرنے، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں ملوث پائی گئی ہے۔ حکومت نے تنظیم پر نفرت انگیزی کو فروغ دینے اور ریاستی امن و استحکام کو متاثر کرنے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق تنظیم کو آزاد جموں و کشمیر انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے سیکشن 12 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے جبکہ تنظیم کے تمام متبادل نام بھی نوٹیفکیشن میں شامل کر لیے گئے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن کی نقول وفاقی وزارت داخلہ، تمام وزراء، متعلقہ سیکیورٹی اداروں اور انتظامی حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم، چیف سیکرٹری، تمام سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز، سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (SSPs)، محکمہ انسداد دہشت گردی (CTD) اور اسپیشل برانچ کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔
مزید برآں مظفرآباد، پونچھ اور میرپور ڈویژنز کی انتظامیہ اور پولیس حکام کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ فیصلے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
آزاد کشمیر حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریاست میں امن و امان، قانون کی حکمرانی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی تنظیم کو عوامی سلامتی یا ریاستی نظم و نسق کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

شائع ہوا: 5 جون، 2026 کو 07:33 PM
آخری تدوین: 5 جون، 2026



