آزاد کشمیر انتخابات 2026: تیسرے مرحلے کی پولنگ شروع، پونچھ ڈویژن کے 4 حلقوں میں 82 امیدوار مدمقابل

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ شروع ہوگئی، 82 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے
مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ شروع ہوگئی ہے۔
چاروں حلقوں میں پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے بعد پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
4 حلقوں میں 82 امیدوار مدمقابل
پونچھ ڈویژن کے 4 حلقوں میں مجموعی طور پر 82 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق چاروں حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
حلقوں میں پولنگ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ انتخابی عمل کو پرامن انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
اہم سیاسی شخصیات بھی ان انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، جن میں مسلم کانفرنس اور آئی پی پی کے سربراہان و سابق وزرائے اعظم سردار عتیق اور سردار تنویر الیاس شامل ہیں، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
ایل اے 17 حویلی میں اہم مقابلہ
حلقہ ایل اے 17 حویلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ ہوگا، جس کے باعث اس نشست پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔
پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کو برتری
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی، جس میں مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، جس میں مسلم لیگ ن نے 15 جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کیں۔
45 نشستوں پر مشتمل انتخابی عمل میں اب تک مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
تیسرے مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی نشستوں کی مجموعی پوزیشن مزید واضح ہوجائے گی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 10 اگست، 2026 کو 04:51 AM
آخری تدوین: 10 اگست، 2026



