صدر، وزیراعظم کی عید میلادالنبیﷺ پر قوم کو مبارکباد، امن و خوشحالی کے لیے دعائیں

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عید میلادالنبیﷺ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے امن، استحکام، خوشحالی اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جشن عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان میں امن، استحکام، خوشحالی اور اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بحیثیت امتِ محمدیﷺ ہم پر لازم ہے کہ معاشرے میں عدل و انصاف، برداشت، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی وقار کے تحفظ کو عملی طور پر فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے علم، بلند کردار، محنت اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسوۂ حسنہﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح، فلاح اور مثالی کامیابی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ رسول اللہﷺ کی ذاتِ مبارک دینِ اسلام کی تعلیمات کا بہترین نمونہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ طیبہ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم سب کو پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، پُرامن اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
صدر اور وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ عید میلادالنبیﷺ کے پیغامِ محبت، اخوت، رواداری، امن اور انسانیت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں۔
شائع ہوا: 26 اگست، 2026 کو 05:02 AM
آخری تدوین: 26 اگست، 2026



