خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 7 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے باڑہ اور بلوچستان کے ضلع چاغی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا
اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جاری سکیورٹی آپریشنز کے سلسلے میں کی گئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک کیے گئے دہشت گرد این-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
ذرائع کے مطابق 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شائع ہوا: 29 ستمبر، 2026 کو 05:07 AM
آخری تدوین: 29 ستمبر، 2026



