ایران جنگ آئندہ چند ماہ میں نئے مرحلے میں داخل ہوگی، جے ڈی وینس


امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ آئندہ چند ماہ میں جنگ دوسرے اور مختلف مرحلے میں داخل ہوگی
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ چند ماہ میں جنگ ایک بالکل مختلف مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔
نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ مستقبل کے حالات کی حتمی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی، تاہم امریکی صدر کا یہ مؤقف درست ہے کہ آنے والے چند ماہ کے دوران جنگ کی نوعیت نمایاں طور پر تبدیل ہو سکتی ہے۔
امریکی نائب صدر کے مطابق جنگ کو بنیادی طور پر دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان کے بقول پہلے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام، روایتی فوجی صلاحیت اور بیرونِ ملک اپنی طاقت استعمال کرنے کی صلاحیت کو نشانہ بنانا شامل تھا۔
جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ جنگ کا یہ پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق انہی صلاحیتوں کے ذریعے تہران گزشتہ چند برسوں تک خطے میں اپنے اثر و رسوخ اور طاقت کا اظہار کرتا رہا۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ کے دوسرے مرحلے کا بنیادی مقصد ایران کو اپنی فوجی اور دیگر متعلقہ صلاحیتیں دوبارہ تعمیر کرنے سے روکنا ہوگا۔
امریکی نائب صدر کے مطابق دوسرے مرحلے میں جنگ کے بعد عالمی استحکام کو زیادہ سے زیادہ برقرار رکھنے کی کوشش بھی شامل ہوگی۔ تاہم انہوں نے اس مرحلے کی حتمی نوعیت یا مدت کے بارے میں کوئی واضح ٹائم لائن فراہم نہیں کی۔
جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے ممکنہ اگلے مرحلے اور اس کے علاقائی و عالمی اثرات پر توجہ مرکوز ہے۔

شائع ہوا: 16 ستمبر، 2026 کو 02:38 AM
آخری تدوین: 16 ستمبر، 2026



