مغربی میڈیا یوکرین جنگ کی غلط تصویر پیش کر رہا ہے، روسی سفیر البرٹ خوریف
زاہد فاروق ملک30 اکتوبر، 2026
اسلام آباد میں منیر احمد کی کتاب ’’یوکرین وار: بیونڈ دی ہیڈ لائنز‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے مغربی میڈیا پر یوکرین جنگ کے حقائق اور بنیادی وجوہات نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا
اسلام آباد: پاکستان میں روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ مغربی میڈیا یوکرین جنگ کی یک طرفہ اور غلط تصویر پیش کر رہا ہے اور تنازع کی بنیادی وجوہات کو نظرانداز کر رہا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں روسی سفارتخانے میں پاکستانی صحافی اور جغرافیائی سیاسی تجزیہ کار منیر احمد کی کتاب ’’یوکرین وار: بیونڈ دی ہیڈ لائنز‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
روسی سفیر کے مطابق کتاب میں یوکرین جنگ کے تاریخی پس منظر، نیٹو کی مشرق کی جانب توسیع، روس کے سلامتی خدشات، عالمی سیاست، معاشی اثرات اور ناکام سفارت کاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
تقریب میں سینیٹر مشاہد حسین سید، سابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی اور کتاب پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے کتاب کو یوکرین تنازع پر ایک متبادل غیر مغربی نقطہ نظر قرار دیتے ہوئے عالمی امن، سفارت کاری اور بدلتے ہوئے کثیر قطبی عالمی نظام پر سنجیدہ مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔
مصنف منیر احمد نے کہا کہ یوکرین جنگ کو سمجھنے کے لیے صرف 2022 کے واقعات نہیں بلکہ اس کے تاریخی، سیاسی اور جغرافیائی پس منظر کو بھی دیکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے قارئین پر زور دیا کہ وہ خبروں کی سرخیوں سے آگے بڑھ کر جنگ کے اصل اسباب اور انسانی و معاشی اثرات کا جائزہ لیں۔

زاہد فاروق ملک پاکستان کے ممتاز سینئر صحافی، کالم نگار اور میڈیا ایگزیکٹو ہیں۔ وہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم ہیں اور اس وقت وائسز آف امریکا کے بیورو چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شائع ہوا: 30 اکتوبر، 2026 کو 03:32 AM
آخری تدوین: 30 اکتوبر، 2026



