بسنت تہوار پر 20 کروڑ روپے خرچ، اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

رواں سال لاہور میں تین روزہ بسنت تہوار پر 20 کروڑ روپے خرچ ہوئے، محکمہ خزانہ پنجاب نے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
(لاہور) رواں سال فروری میں منعقد ہونے والے تین روزہ بسنت تہوار پر 20 کروڑ روپے کے اخراجات کیے گئے، جس کی باقاعدہ منظوری محکمہ خزانہ پنجاب نے سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بسنت تہوار کیلئے مجموعی طور پر 26 کروڑ روپے کی درخواست کی تھی، تاہم محکمہ خزانہ پنجاب نے سفارشات کے بعد 6 کروڑ روپے کم کر کے 20 کروڑ روپے کی منظوری دی۔
دستاویزات کے مطابق تین روزہ بسنت تہوار کے دوران 600 ڈرائیورز کے کھانے پر 12 لاکھ روپے خرچ کیے گئے جبکہ بسوں کے پیٹرول پر ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔
اسی طرح انتظامی سطح پر تقریبات کے انعقاد کیلئے 10 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا جبکہ بسوں کی برانڈنگ پر بھی 10 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔
محکمہ خزانہ پنجاب نے لاہور انتظامیہ کی جانب سے بھیجی گئی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد فنڈز کی منظوری دی اور اخراجات کو قواعد کے مطابق ریگولرائز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بسنت تہوار کے انعقاد کیلئے کیے گئے اخراجات پر مختلف حلقوں میں بحث بھی جاری ہے جبکہ حکام کا مؤقف ہے کہ یہ فنڈز عوامی تفریح اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے استعمال کیے گئے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 16 اپریل، 2026 کو 01:42 PM
آخری تدوین: 16 اپریل، 2026



