کامن ویلتھ گیمز: فاطمہ زہرا نے تاریخ رقم کر دی، پاکستان کی پہلی خاتون باکسر بن گئیں جنہوں نے تمغہ جیت لیا

پاکستان کی باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں کانسی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ وہ باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون بن گئیں، جبکہ پاکستان نے 12 سال بعد اس کھیل میں دوبارہ میڈل حاصل کیا
گلاسگو: پاکستان کی 22 سالہ باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ وہ کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔
فاطمہ زہرا کی اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ میں 12 سال بعد دوبارہ تمغہ اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل 2014 کے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی اسٹار باکسر محمد وسیم نے سلور میڈل جیتا تھا۔
خواتین کے 60 کلوگرام ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں فاطمہ زہرا نے نیوزی لینڈ کی جورڈن ولسن کو متفقہ فیصلے (5-0) سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ایونٹ کے فارمیٹ کے مطابق سیمی فائنل تک رسائی کے ساتھ ہی ان کے لیے کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی ہو گیا تھا۔
سیمی فائنل میں فاطمہ زہرا کا مقابلہ کینیڈا کی میری باتھول الاحمدیہ سے ہوا، جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ یہ کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کا پہلا تمغہ بھی ہے۔
اپنی تاریخی کامیابی کے بعد فاطمہ زہرا نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی باکسنگ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ان کا تمغہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک اس کھیل میں درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش سونے کا تمغہ جیتنے کی تھی، لیکن یہ کانسی کا تمغہ بھی پاکستان باکسنگ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کی بنیاد بنے گا۔
دوسری جانب مردوں کے 60 کلوگرام مقابلوں میں پاکستان کے قدرت اللہ کو شمالی آئرلینڈ کے جوڈ گالاگھر کے ہاتھوں شکست ہوئی، جس کے بعد پاکستان کے تمام مرد باکسرز ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
ایتھلیٹکس میں محمد اسماعیل مردوں کی 400 میٹر ہیٹس میں 46 کھلاڑیوں میں 41ویں نمبر پر رہے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکے، جبکہ تیراک حمزہ آصف مردوں کے 50 میٹر بٹر فلائی ایونٹ میں 70 کھلاڑیوں میں 46ویں پوزیشن پر رہے اور اگلے مرحلے میں جگہ نہ بنا سکے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 1 اگست، 2026 کو 08:55 AM
آخری تدوین: 1 اگست، 2026



