بیرسٹر گوہر انتخابی مہم کیلئے اسکردو پہنچ گئے، بلا روک ٹوک انتخابی مہم کی اجازت دینے کا مطالبہ

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو پہنچ گئے۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں آزادانہ انتخابی سرگرمیوں کی اجازت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب جمہوریت کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا
اسکردو: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو پہنچ گئے، جہاں انہوں نے گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں کو بلا روک ٹوک انتخابی مہم چلانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔
اسکردو پہنچنے کے بعد بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات محض اقتدار کے حصول کی جدوجہد نہیں بلکہ خطے میں جمہوریت کے مستقبل کا تعین کرنے والے انتخابات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی سوچ، کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کی بنیاد پر عوام سے مینڈیٹ حاصل کرنا چاہتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک کی خبروں کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک موجود اراکین کے علاوہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام ارکان شریک تھے اور تمام اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 92 ارکان میں سے 25 سے زائد ارکان شریک نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
گلگت بلتستان کے انتخابات کے پیش نظر مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے اور اہم سیاسی رہنماؤں کی خطے میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 1 جون، 2026 کو 04:00 PM
آخری تدوین: 1 جون، 2026



