وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

پاکستان انڈر 19 ٹیم کو تارکین وطن سمجھ کر ہوٹل کے باہر احتجاج، غلط فہمی چند منٹ میں دور

W
Web Desk
10 ستمبر، 2026
پاکستان انڈر 19 ٹیم کو تارکین وطن سمجھ کر ہوٹل کے باہر احتجاج، غلط فہمی چند منٹ میں دور
international seerat conference

پورٹس ماؤتھ میں پاکستانی انڈر 19 کرکٹرز کو تارکین وطن سمجھ کر نقاب پوش مظاہرین ہوٹل کے باہر جمع ہوگئے، حقیقت سامنے آنے پر چند منٹ میں منتشر ہوگئے

پورٹس ماؤتھ: برطانیہ کے شہر پورٹس ماؤتھ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پناہ کے متلاشی افراد سمجھ کر نقاب پوش مظاہرین کا ایک گروپ ہوٹل کے باہر جمع ہوگیا، تاہم حقیقت سامنے آنے کے بعد مظاہرین چند منٹ میں منتشر ہوگئے۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب تقریباً 40 افراد کے ہوٹل میں قیام کی اطلاع پر کچھ مقامی مظاہرین وہاں پہنچے۔ مظاہرین کو بتایا گیا تھا کہ ہوٹل میں پناہ کے متلاشی افراد کو ٹھہرایا گیا ہے، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہاں پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم قیام پذیر ہے، جو دورہ انگلینڈ پر موجود ہے۔

صورتحال کی اطلاع ملنے پر ریفارم پارٹی کے کونسلر جارج میڈوک ہوٹل پہنچے۔ میڈوک ہیمپشائر کونسل میں ریفارم گروپ کی قیادت کرتے ہیں اور ان کے وارڈ میں مذکورہ ہوٹل بھی شامل ہے۔

کونسلر کے مطابق انہیں منگل کی شام اطلاع ملی کہ تقریباً 40 افراد ہوٹل کے باہر جمع ہیں اور ان میں سے کئی نے چہرے ڈھانپ رکھے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ مظاہرین ممکنہ طور پر پناہ کے متلاشی افراد کی ہوٹل میں موجودگی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

ہوٹل پہنچنے کے بعد میڈوک نے منیجر سے ملاقات کی، جس نے انہیں بتایا کہ ہوٹل میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی قیام پذیر ہیں۔ ٹیم دورہ انگلینڈ کے دوران جنوبی ساحلی علاقے میں موجود ہے۔

میڈوک کے مطابق انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کوچ سے بھی بات کی اور صورتحال سے آگاہ کیا۔ بعدازاں انہوں نے ہوٹل کے باہر موجود مظاہرین کو بتایا کہ انہیں غلط فہمی ہوئی ہے اور ہوٹل میں موجود افراد پناہ کے متلاشی نہیں بلکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ارکان ہیں۔

وضاحت سامنے آنے کے چند ہی منٹ بعد مظاہرین وہاں سے منتشر ہوگئے۔

کونسلر نے واقعے کو بدقسمت قرار دے دیا

جارج میڈوک نے واقعے کو ’’انتہائی بدقسمت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورٹس ماؤتھ کے رہائشی حالیہ واقعات کے باعث پناہ کے متلاشی افراد سے متعلق معاملات میں پہلے ہی محتاط ہیں۔

ان کے مطابق مظاہرین کے خدشات کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ہوٹل کے باہر آنے والی کوچ اسی کمپنی کی تھی جس کی گاڑیاں پناہ کے متلاشی افراد کی منتقلی کے لیے بھی استعمال ہوتی ہیں۔

میڈوک نے کہا کہ محض کسی شخص کے غیر ملکی نظر آنے کی بنیاد پر نقاب پوش افراد کا ہوٹل کے باہر جمع ہونا قابل قبول نہیں، تاہم ان کے بقول یہ واقعہ مقامی سطح پر پناہ کے متلاشی افراد سے متعلق پائی جانے والی تشویش کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

واقعے سے قبل کونسلر نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے لوگوں سے ہوٹل کے علاقے سے دور رہنے کی اپیل بھی کی تھی۔ بعد میں انہوں نے بتایا کہ مقامی رہائشیوں نے پاکستانی کرکٹرز کو ممکنہ تارکین وطن سمجھ کر انہیں ہوٹل میں داخل ہوتے دیکھا اور متعدد افراد نے انہیں وہاں پہنچنے کے لیے پیغامات بھیجے۔

میڈوک کے مطابق ہوٹل پہنچنے پر عملے اور ٹیم کے کوچ سے گفتگو کے علاوہ انہیں یہ ثبوت بھی دکھایا گیا کہ ہوٹل میں موجود افراد کرکٹرز ہیں۔ بعدازاں انہوں نے اپنی فیس بک پوسٹ کو پرائیویٹ کردیا کیونکہ اس پر توہین آمیز اور اشتعال انگیز تبصرے آنے لگے تھے۔

ای سی بی کا پی سی بی سے رابطہ

واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) سے رابطہ کرکے پاکستانی انڈر 19 ٹیم کے ارکان کی خیریت دریافت کی۔

ای سی بی کی جانب سے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے بقیہ حصے کے لیے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورہ انگلینڈ

پاکستان انڈر 19 ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاں وہ انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف مختلف فارمیٹس میں میچز کھیل رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان چار روزہ میچ 2 سے 5 ستمبر تک ارنڈیل میں کھیلا گیا، جس میں انگلینڈ انڈر 19 نے پاکستان کو 10 رنز سے شکست دی۔

9 ستمبر کو کھیلے گئے یوتھ ون ڈے میں پاکستان انڈر 19 نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ انڈر 19 کو 177 رنز سے شکست دی۔

دوسری جانب پاکستان کی سینئر کرکٹ ٹیم بھی انگلینڈ کے دورے پر موجود ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ ایجبسٹن میں جاری ہے۔

international seerat conference
شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 10 ستمبر، 2026 کو 04:26 AM

آخری تدوین: 10 ستمبر، 2026

متعلقہ مضامین

 ایران کے خلاف جنگ کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں، دوبارہ موقع ملا تو حملہ کروں گا: ٹرمپ
تازہ ترین

ایران کے خلاف جنگ کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں، دوبارہ موقع ملا تو حملہ کروں گا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں اور دوبارہ موقع ملا تو وہ ایران پر حملے کا ہی فیصلہ کریں گے۔ ٹرمپ نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا

Web Desk11 ستمبر، 2026
 مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمت 122 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی
تازہ ترین

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمت 122 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔ مربن خام تیل 122 ڈالر جبکہ برینٹ خام تیل 108.68 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

Web Desk11 ستمبر، 2026
 ہیلری کلنٹن کی ٹرمپ انتظامیہ پر کڑی تنقید، امریکا کو خطرناک ملک قرار دے دیا
امریکا

ہیلری کلنٹن کی ٹرمپ انتظامیہ پر کڑی تنقید، امریکا کو خطرناک ملک قرار دے دیا

سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے امریکی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اب سنجیدہ نہیں بلکہ خطرناک ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے نیتن یاہو حکومت، صدر ٹرمپ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری کی پالیسیوں پر بھی اعتراضات اٹھائے

Web Desk11 ستمبر، 2026