آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ، 20 نشستوں پر پولنگ جاری، ایک حلقے میں ووٹنگ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملتوی


آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر پولنگ جاری ہے جبکہ ایل اے-27 مظفرآباد ون میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ووٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ 12 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر تاخیر کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 میں سے 20 حلقوں پر پولنگ جاری ہے، جبکہ حلقہ ایل اے-27 مظفرآباد ون میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ووٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور یہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ مظفرآباد ڈویژن میں 208 جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابات کے لیے 1,483 پولنگ اسٹیشنز اور 2,219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ایل اے-28، ایل اے-29 اور ایل اے-31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 جبکہ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 4 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ پرامن ماحول میں ووٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتیں اور متعدد آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ضلع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی سمیت مختلف اضلاع میں لاکھوں ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں، جبکہ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں قائم مہاجرین کی نشستوں پر بھی پولنگ جاری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنا قومی اور جمہوری فرض ادا کرے، جبکہ شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حلقہ ایل اے-27 مظفرآباد ون میں پولنگ ملتوی کر دی گئی، جبکہ ایل اے-31 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بھی انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچ سکا، جس سے ووٹنگ کے آغاز میں تاخیر ہوئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے اس صورتحال پر الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو تحریری شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حلقہ ایل اے-28 کے 71 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے کے باعث پولنگ متاثر ہوئی اور ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری عملہ تعینات کیا جائے، ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کے لیے پولنگ کے اوقات میں توسیع کی جائے اور انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ہوگا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

شائع ہوا: 2 اگست، 2026 کو 05:54 AM
آخری تدوین: 2 اگست، 2026



