وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

شام اور اسرائیل کے درمیان اردن میں امریکی ثالثی سے مذاکرات، کشیدگی کم کرنے پر غور

W
Web Desk
24 اگست، 2026
شام اور اسرائیل کے درمیان اردن میں امریکی ثالثی سے مذاکرات، کشیدگی کم کرنے پر غور

شام اور اسرائیل کے درمیان اردن میں امریکی ثالثی میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوئے، جن میں اسرائیلی حملوں، فوجی کارروائیوں اور کشیدگی کم کرنے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔ شامی حکام نے گولان کی پہاڑیوں کو مقبوضہ شامی علاقہ قرار دیتے ہوئے اسرائیلی فوج کے انخلا اور 1974 کے معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی کے حالیہ دورہ پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار سے ملاقاتوں میں سکیورٹی و اقتصادی تعاون پر بھی اہم بات چیت ہوئی

امریکی ثالثی میں شام اور اسرائیل کے درمیان اردن میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوئے ہیں، جن کا مقصد شام میں حالیہ اسرائیلی حملوں اور فوجی کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔

شامی سرکاری خبر رساں ادارے سنا کے مطابق شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور شامی انٹیلی جنس حکام نے اردن میں اسرائیلی وفد سے ملاقات کی، جبکہ امریکا نے مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کیا۔

مذاکرات کے دوران شام میں حالیہ اسرائیلی حملوں، گرفتاریوں، ٹارگٹڈ کارروائیوں اور دیگر فوجی سرگرمیوں کو روکنے کے ممکنہ طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شامی حکام نے واضح کیا کہ گولان کی پہاڑیاں مقبوضہ شامی علاقہ ہیں اور اس کی حتمی حیثیت پر اس مرحلے میں بات چیت کرنا قبل از وقت ہے۔

شام نے مذاکرات میں مطالبہ کیا کہ اسرائیلی فوجی 8 دسمبر 2024 سے پہلے والی پوزیشنوں تک واپس جائیں اور 1974 کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ شامی مؤقف کے مطابق اسرائیلی افواج کی حالیہ پیش قدمی اور حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھی ہے۔

یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب شام اور اسرائیل کے درمیان تعلقات میں تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی ثالثی میں ہونے والی یہ ملاقات دونوں فریقوں کے درمیان رابطے بحال کرنے اور مزید فوجی کشیدگی کو روکنے کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے 14 اگست کو شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گفتگو میں شام میں ترکیے کی فوجی موجودگی سمیت مختلف سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق شام اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز خطے میں بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال میں اہم پیش رفت ہے، تاہم گولان کی پہاڑیوں، اسرائیلی فوجی انخلا اور شام میں اسرائیلی کارروائیوں جیسے حساس معاملات پر دونوں ممالک کے مؤقف میں اب بھی نمایاں اختلافات موجود ہیں۔

شامی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے گزشتہ دنوں 19 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔

اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں پاکستان اور شام کے درمیان سکیورٹی اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون کے نئے دور کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔

پاکستان نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں سے متعلق شام کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا۔

شامی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان نے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

شیئر کریں:
W
Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 24 اگست، 2026 کو 05:17 AM

آخری تدوین: 24 اگست، 2026

متعلقہ مضامین

21 سابق کرکٹ کپتانوں کا وزیراعظم کو خط، عمران خان کے طبی معائنے اور مناسب علاج کا مطالبہ
پاکستان

21 سابق کرکٹ کپتانوں کا وزیراعظم کو خط، عمران خان کے طبی معائنے اور مناسب علاج کا مطالبہ

دنیا بھر کے 21 سابق ٹیسٹ اور بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کے مکمل طبی معائنے، مناسب علاج اور ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق کپتانوں نے عمران خان کی دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی میں کمی کا آزادانہ طبی معائنہ کرانے پر بھی زور دیا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے حکومت کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کیا گیا اور عمران خان کا شفاف طبی معائنہ کرایا گیا

Web Desk24 اگست، 2026
ایران کے خلاف فیصلہ کن اقتصادی کارروائی آج شروع ہوگی  امریکی وزیرِ خزانہ
امریکا

ایران کے خلاف فیصلہ کن اقتصادی کارروائی آج شروع ہوگی امریکی وزیرِ خزانہ

امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف آج سے فیصلہ کن اقتصادی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ سکاٹ بیسنٹ کے مطابق امریکا ایران کی اہم اقتصادی شریانیں کاٹنے اور تہران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کرے گا

Web Desk24 اگست، 2026
چین کے 2 بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایرانی علاقے میں داخل، امریکی ناکہ بندی کے باوجود آمدورفت جاری
تازہ ترین

چین کے 2 بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایرانی علاقے میں داخل، امریکی ناکہ بندی کے باوجود آمدورفت جاری

امریکی ناکہ بندی کے باوجود چین کے دو بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایرانی حصے میں داخل ہو گئے۔ شپنگ ڈیٹا کے مطابق ایک چینی پرچم بردار آئل ٹینکر سمیت دو جہاز ایرانی راستہ استعمال کر رہے ہیں۔ تازہ صورتحال سے اشارہ ملتا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے چین کی کچھ بحری اور تجارتی سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں

Web Desk24 اگست، 2026