وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

عدالت کا ڈپٹی کمشنر کو پی ٹی آئی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم

W
Web Desk
7 اپریل، 2026
 عدالت کا ڈپٹی کمشنر کو پی ٹی آئی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے 9 اپریل کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

(راولپنڈی)درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی۔ سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عاقل خان اپنے وکیل محمد فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ لیاقت باغ میں جلسہ کرنا پارٹی کا آئینی اور قانونی حق ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ جان بوجھ کر درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کر رہی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ لیاقت باغ ایک تاریخی مقام ہے جہاں ماضی میں مختلف سیاسی جماعتیں جلسے منعقد کرتی رہی ہیں۔

وکیل نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتیں بھی لیاقت باغ میں جلسے کر چکی ہیں، لہٰذا پی ٹی آئی کو بھی 9 اپریل کو جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے اور سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسر کو طلب کیا اور ابتدائی دلائل سننے کے بعد مختصر حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایت کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فیصلہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ہوم سیکرٹری پنجاب اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو فریق بنایا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ جلسے کی اجازت نہ دینا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 7 اپریل، 2026 کو 12:54 PM

آخری تدوین: 7 اپریل، 2026

متعلقہ مضامین