ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کمی، ٹویوٹا اور ہونڈا نے نئی قیمتیں جاری کردیں

پاکستان میں جی ایس ٹی 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کیے جانے کے بعد ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کمی شروع ہوگئی۔ ٹویوٹا کرولا کراس اور ہونڈا HR-V کی نئی قیمتیں سامنے آگئیں
اسی موضوع سے پڑھیں
پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں اچانک لاکھوں روپے کی کمی کردی گئی ہے۔ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کیے جانے کے تقریباً دو ہفتے بعد اسمبلرز نے نئی قیمتوں کا اعلان شروع کردیا۔
ہونڈا اٹلس کارز نے HR-V e:HEV کی قیمت میں 10 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کرتے ہوئے اسے ایک کروڑ 3 لاکھ 69 ہزار روپے سے کم کرکے 92 لاکھ 99 ہزار روپے کردیا ہے۔
اسی طرح HR-V VTi-S کی قیمت بھی 77 لاکھ 99 ہزار روپے سے کم کرکے 72 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ ہونڈا کے مطابق نئی قیمتیں محدود مدت اور محدود اسٹاک کے لیے ہوں گی جبکہ 25 ستمبر یا اس کے بعد انوائس ہونے والے آرڈرز پر نئی قیمتیں لاگو ہوں گی۔
دوسری جانب انڈس موٹر کمپنی نے ٹویوٹا کرولا کراس HEV X کی قیمت میں 5 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کردی، جس کے بعد نئی قیمت 97 لاکھ 29 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ کرولا کراس HEV کی قیمت بھی 5 لاکھ 50 ہزار روپے کم کرکے 92 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
چیری ماسٹر کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ سید آصف احمد کے مطابق برقی اور ہائبرڈ گاڑیوں پر جی ایس ٹی میں کمی سے گاڑیوں کی فروخت بحال ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 25 فیصد جی ایس ٹی کے باعث طلب میں نمایاں کمی آئی تھی اور کئی صارفین نے حکومتی فیصلے کے انتظار میں گاڑیوں کی خریداری مؤخر کردی تھی۔
شائع ہوا: 27 ستمبر، 2026 کو 08:56 AM
آخری تدوین: 27 ستمبر، 2026



