جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی ہلاک، جنگ بندی کے بعد پہلا بڑا واقعہ

اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنے ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، یہ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد پیش آیا۔
(تل ابیب)اسرائیلی فوج کے مطابق 48 سالہ کمانڈ سارجنٹ باراک کالفون جمعہ کے روز ایک واقعے میں زخمی ہوا تھا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اس واقعے میں تین دیگر اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوئے، تاہم فوج نے واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی آپریشن کے دوران پیش آیا، جہاں اسرائیلی فوج سرحد سے تقریباً 3.5 کلومیٹر دور عمارتوں کی کلیئرنس کر رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق باراک کالفون ان ابتدائی فوجیوں میں شامل تھا جو ایک مشتبہ عمارت میں داخل ہوئے، جہاں بارودی سرنگ نصب تھی۔ عمارت میں داخل ہوتے ہی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم بعد میں اس کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی جمعرات کی رات بارہ بجے نافذ ہوئی تھی، جبکہ اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 19 اپریل، 2026 کو 06:49 AM
آخری تدوین: 19 اپریل، 2026



