امریکا ایران مذاکرات: پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں،پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ

امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کسی جادو کے تحت مذاکرات کی میز پر نہیں آئے بلکہ یہ مسلسل سفارتی کوششوں، صبر اور استقامت کا نتیجہ ہے۔
(واشنگٹن)الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستان نے پس پردہ تیز رفتار سفارتی کوششیں کیں، جن کے نتیجے میں امریکا اور ایران مذاکرات کے لیے تیار ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں پر امریکا اور ایران دونوں نے مثبت ردعمل دیا، جس کے بعد جنگ بندی اور مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔
سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ استقامت، صبر اور مسلسل سفارتی رابطوں کے ذریعے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات سے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں سے سیز فائر ممکن ہوا اور پاکستان امن معاہدے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق پاکستان کا یہ کردار خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید سفارتی سرگرمیوں میں تیزی متوقع ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 11 اپریل، 2026 کو 03:34 AM
آخری تدوین: 11 اپریل، 2026



