امریکی بحریہ کی بحرِ ہند میں کارروائی، ایرانی تیل لے جانے والے جہاز “میجسٹک” پر قبضہ

امریکا نے بحرِ ہند میں کارروائی کرتے ہوئے ایرانی تیل لے جانے والے جہاز پر قبضے کا دعویٰ کیا، حکام کے مطابق ایران سے وابستہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
امریکی فوج نے بحرِ ہند میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایرانی تیل لے جانے والے بحری جہاز “میجسٹک” پر قبضہ کر لیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز ایران سے تیل لے کر جا رہا تھا اور اسے روکنا خطے میں جاری پابندیوں کے نفاذ کا حصہ ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایران کی مدد کرنے والے جہازوں اور متعلقہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ غیر قانونی ترسیل کو روکا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ اقدامات خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔
اس سے قبل بھی امریکی فوج ایک اور ایرانی جہاز “ایم وی توسکا” پر قبضہ کر چکی ہے، جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کی تیل برآمدات اور مالی نیٹ ورک کو محدود کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے ان دعوؤں پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم مبصرین کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔
سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بحرِ ہند میں بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیاں نہ صرف عالمی تجارت بلکہ توانائی کی ترسیل پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں، جس کے باعث آنے والے دنوں میں صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 24 اپریل، 2026 کو 05:15 AM
آخری تدوین: 24 اپریل، 2026



