کینیڈا: برٹش کولمبیا میں جنگلات کی آگ بے قابو، ہزاروں افراد کا انخلا
قرةالعَین حیدر
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں جنگلات کی آگ 9,500 ہیکڑ تک پھیل گئی، سمرلینڈ اور پیچ لینڈ سمیت مختلف علاقوں میں انخلا کے احکامات جاری، 1,500 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں جنگلات کی آگ بے قابو ہوگئی، جس کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق جنگلات کی آگ اب تک تقریباً 9 ہزار 500 ہیکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ آگ کے پھیلاؤ کے پیش نظر سمرلینڈ، پیچ لینڈ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

سمرلینڈ میں ایمرجنسی نافذ
جنگلات کی آگ کے باعث سمرلینڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
آگ کے باعث پانی کے نظام میں غیر صاف شدہ پانی داخل ہونے کے بعد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پانی استعمال کرنے سے قبل اسے ابالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

1,500 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف
برٹش کولمبیا میں تقریباً 1,500 فائر فائٹرز جنگلات کی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ انخلا کے احکامات پر عمل کریں اور اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔

قرةالعَین حیدر
قرةالعَین حیدر, وائسز آف امریکا کیلئے کینیڈا میں بطور نمائندہ خصوصی کے فرائض انجام دے رہی ہیں
شائع ہوا: 9 اگست، 2026 کو 05:22 AM
آخری تدوین: 9 اگست، 2026



