پی ٹی آئی لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر، خیبر پختونخوا سے اسلام آباد آنے والے راستے کھل گئے

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر ہونے کے بعد خیبر پختونخوا سے اسلام آباد آنے والے راستے کھول دیے گئے، خیر آباد میں جی ٹی روڈ پر چار روز بعد ٹریفک بحال ہوگئی
اسی موضوع سے پڑھیں
ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کیے جانے کے بعد خیبر پختونخوا سے اسلام آباد آنے والے مختلف راستے کھولنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اٹک کے خیر آباد کے مقام پر جی ٹی روڈ پر چار روز بعد ٹریفک بحال کردی گئی، جبکہ پشاور اسلام آباد موٹر وے ایم ون سے رکاوٹیں ہٹانے کا عمل بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے موٹر وے پر مختلف مقامات پر ریت کی بوریاں، لوہے کی شیٹیں اور کنٹینرز رکھ کر راستے بند کیے گئے تھے، جنہیں اب مرحلہ وار ہٹایا جا رہا ہے۔
ٹیکسلا میں بھی ٹریفک معمول پر
ٹیکسلا میں پنجاب کے داخلی راستوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش رکاوٹیں ختم ہونے سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی۔
دوسری جانب میانوالی میں سی پیک روڈ بدستور بند ہے، جس کے باعث اس راستے پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہے۔
اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکیورٹی برقرار
پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کا لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کیے جانے کے باوجود اسلام آباد میں ریڈ زون کے اطراف سیکیورٹی انتظامات میں کمی نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز کی تعداد میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، جبکہ اہم داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات برقرار ہیں۔
شائع ہوا: 28 ستمبر، 2026 کو 05:39 AM
آخری تدوین: 28 ستمبر، 2026



